بنگلور13 / اپریل ۔(ایس او نیوز/ محمدامین نواز) کرناٹک کے میڈیکل ایجوکیشن منسٹر ڈاکٹر کے سدھاکر اُس وقت تنازعے میں گھر گئے جب ان کی ایک سوئمنگ پول میں تیرنے کی تصویرسوشیل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا گیا ہے کہ ڈاکٹر سدھاکر اپنے بچوں کے ساتھ تیراکی میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تنازعہ میں گھرنے کی بات معلوم ہوتےہی موصوف نے متعلقہ تصویر کو سوشیل میڈیا سے ہٹادیا، مگر اُس وقت تک وہ تنازعے میں گھر چکے تھے۔
ڈاکٹر سدھاکر جو کوویڈ۔۱۹ پر قابو پانے کو لے کر ریاست میں مناسب اقدامات اُٹھانے میں پیش پیش رہے ہیں مگر دوسروں کو نصیحت کرنے والے میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر خود اپنے گھر کے سوئمنگ پول میں اپنے بچوں کے ساتھ تفریح کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اس بات کو لے کر کانگریس کی کرناٹک اکائی نے ریاست کے میڈیکل ایجوکیشن منسٹر سدھاکر پر الزام لگایا ہے کہ کوویڈ 19 (COVID-19) کے وبائی مرض کے وقت موصوف وزیرسوئمنگ پل میں وقت گزاری کر رہے ہیں۔
کانگریس نے اس تعلق سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بی ایس یدی یورپا سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں وزارت کے عہدہ سے برخاست کرے۔ ریاستی کانگریس کے صدر مسٹر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ جب پوری دنیا صحت کے بحران سے گذر رہی ہے ، ایسےوقت میں کرناٹک ریاست میں کورونا وائرس کے انچارج وزیر ڈاکٹر سدھاکر سوئمنگ پل میں وقت گزاری کرتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ کردار ادا کررہے ہیں۔ انھیں اخلاقی طور پر اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر استعفی دینا چاہئے یا چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ انھیں برطرف کردیں۔
سدھاکر بنگلور میں کوویڈ 19 کے خلاف حکومتی کاوشوں کی نگرانی و رہنمائی کر رہے ہیں اور ریاست میں اس مہم کے انچارج ہیں۔ انہوں نے اتوار کے روز ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی ، جس میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ سوئمنگ پل میں وقت گزارتے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ میرے بچوں سے ایک طویل وقت کے بعد تیراکی کے لئے وقت ملا ، اور امید ہے کہ یہاں بھی سماجی باہمی تعامل سے دور رہنا ہے۔ سوشیل میڈیا پر تصویر شئیر کرتے ہی کئی لوگوں نے انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا تو بعض لوگوں نے اسے اپنی ذاتی زندگی قرار دیا۔یاد رہے کہ اس سے دو دن قبل ہی بی جے پی کے رکن اسمبلی جئے رام نے بڑے پیمانے پر اپنی سالگرہ تقریب منائی تھی جس میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے تھے ۔ ایسا لگتا ہے کہ دوسروں کو ہدایت دینے اور نصیحت کرنے والے خود اُس پر عمل کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔